اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ شیخ الازہر ڈاکٹر احمد الطیب نے ماہ رمضان میں اپنے ایک ٹی وی پروگرام میں شیعہ عقائد کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا : شیعوں اور سنیوں میں ایک فرق یہ ہے کہ اھل سنت آئمہ یا خلفاء کو ایسے افراد مانتے ہیں کہ جن سے غلطی ،گناہ یا فراموشی کا ارتکاب ممکن ہے ،لیکن اگر وہ لوگوں کے درمیان عدالت کو قائم کریں تو وہ بہترین افراد ہیں اور اگر ظلم کریں تو بد ترین افراد ہوں گے جیسا کہ حضرت ابوبکر نے لوگوں سے کہا تھا : اے لوگو میں تمہارا خلیفہ ہوں لیکن تم میں سب سے اچھا نہیں ہوں اور کہا کہ اگر میرا کام اچھا ہو تو میری مدد کریں اور اگر برا ہو تو میری اصلاح کریں ۔
الطیب نے مزید کہا : شیعہ اس عقیدے میں اہل سنت کے ساتھ اختلاف رکھتے ہیں اور اختلاف کی بنیاد یہ ہے کہ وہ آئمہ کو معصوم سمجھتے ہیں لیکن اہل سنت آئمہ کو معصوم نہیں سمجھتے اور یہی مسئلہ باعث بنا ہے کہ اہل سنت کے نزدیک امامت کا مفہوم زیادہ وسیع ہے اس لیے کہ شیعوں کا یہ عقیدہ ہے کہ امام خدا کی طرف سے معین ہونا چاہیے اور وہ معصوم بھی ہو اور وہ اس کے علاوہ آئمہ کے لیے دیگر خصوصیات کے بھی قائل ہیں مثلا یہ کہ امام فرشتوں سے افضل ہے کہ اس میں بھی کوئی اشکال نہیں ہے اس لیے کہ ممکن ہے کہ ایک نیک اور صالح انسان فرشتوں سے افضل ہو ،شیعوں کا یہ عقیدہ بھی ہے کہ تمام کائنات آئمہ کے لیے پیدا کی گئی ہے اور وہ صغیرہ اور کبیرہ گناہوں کے ارتکاب سے معصوم ہیں ۔
اس کے بعد انہوں نے شیخ صدوق کا یہ قول نقل کیا جس میں انہوں نے کہا: ہمارا عقیدہ انبیاء، اماموں اور فرشتوں کے بارے میں یہ ہے کہ کہ تمام معصوم ہیں اور تمام آلودگیوں سے پاک ہیں اور گناہ صغیرہ اور کبیرہ کے مرتکب نہیں ہوتے ۔ اور خدا کی نافرمانی نہیں کرتے اور اس کے مطیع ہیں اور جو بھی ان کی عصمت کا انکار کرے اس نے ان کو نہیں پہچانا ہے اور جو ان کو نہ پہچانتا ہو وہ کافر ہے ۔ شیخ الازہر نے مزید کہا کہ شیعوں کا یہ عقیدہ بھی ہے کہ آئمہ انسانوں کے اندر کی باتوں سے آگاہ ہوتے ہیں اور اپنی ولادت سے پہلے کے امور کی بھی خبر رکھتے ہیں۔اور قضاوت کے مسئلے میں یہی مسئلہ شیعہ اور سنی کے درمیان اختلاف کا باعث بنا ہے ؛ اس لیے کہ اہل سنت کے نزدیک قاضی گواہوں کی بنیاد پر حکم صادر کرتا ہے اپنے علم کی بنیاد پر نہیں ،لیکن امام علم کی بنیاد پر حکم صادر کرتا ہے اس لیے کہ وہ لوگوں کے باطن سے آگاہ ہے ۔
شیخ الازہر نے اپنی گفتگو میں آگے کہا : بعض شیعوں کا یہ عقیدہ ہے کہ پیغمبراسلام ( صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کو چھوڑ کر آئمہ( علیہم السلام) دیگر تمام انبیاء سے افضل ہیں اور یہ چیز اہل سنت کے عقیدے کے خلاف ہے ،چونکہ ان کا عقیدہ ہے کہ انبیاء اور پیغمبر معصوم اور تمام لوگوں سے افضل ہیں ۔اس لیے کہ ان پر وحی آتی ہے اور ان سے کوئی افضل نہیں ہے چاہے وہ خلیفہ یا صحابی ہی ہو ؛چونکہ اہل سنت کی نظر میں خلفاء معمولی انسان ہیں کہ جن سے گناہ یا غلطی کا ارتکاب ممکن ہے ۔لیکن شیعہ ان کی عصمت کے قائل ہیں اور ان کا یہ عقیدہ ہے کہ امام گناہ ،غلطی،فراموشی اور سہو کا مرتکب نہیں ہوتا ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲